بھٹکل :7؍ مارچ(ایس اؤ نیوز)بنگلورشہر کے یشونت پور سے بھٹکل ہوتے ہوئے کاروار ہوکر گوا جانے والی نئی ٹرین کو وزیر اعلیٰ یڈیورپا نے سنچرکو ہری جھنڈی دکھائی جس کے لئے محکمہ ریلوے کی جانب سے بنگلورو میں ایک افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ ریاستی وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے ’’یشونت پور۔ کاروار ۔ واسکو ڈی گاما‘‘ اسپیشل ایکپسرس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے ساتھ ہی ساحلی عوام کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا۔ خیال رہے کہ یہ ٹرین مینگلور کے باہر سورتکل سے ہی گذرتے ہوئے بھٹکل ہوکر کاروار پہنچے گی اور وہیں سے گوا کے واسکو پہنچے گی۔
افتتاحی تقریب میں خطاب کرتےہوئے وزیرا علیٰ نےکہاکہ ساحلی عوام خاص کر کاروار کے عوام کی دیرینہ مانگ کے مطابق آج ساحلی پٹی پر اسپیشل ٹرین کا افتتاح کیاگیا ہے، اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ٹرین کو جاری کرنےمیں چک مگلورو کی رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے کی کوششوں کی ستائش کی۔ اس موقع پر رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے ، ایم ڈی شری اے کے سنگھ ، ڈی آر ایم شری اے کے ورما ، ریلوے افسران اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
تفصیلِ اوقات: نئی ٹرین یشونت پور ایکسپرس ’’یشونت پور۔ کاروار۔ واسکو ڈی گاما‘‘ (ٹرین نمبر 16595 یشونت پور سے شام پونے سات بجے نکلے گی۔ اور صبح آٹھ بج کر 25 منٹ پر کاروارپہنچے گی۔ کاروار سے یہ ٹرین نکل کر صبح ساڑھے دس بجے واسکو پہنچے گی۔سہ پہر 3بج کر 25 منٹ پر یہ ٹرین 16596کہلائے گی جو واسکوسے نکل کر کاروار پہنچے گی۔ کاروار سے شام ساڑھے پانچ بجے بنگلوروکے لئے نکلے گی اور صبح 8بجے یشونت پور پہنچے گی۔ متعلقہ ٹرین یشونت پور سے نکلنے کے بعد مختلف مقامات پر رُکے گی ۔ جس میں خاص کر ہاسن۔ سکلیشپور، کبکا پتور، بنٹوال، سورتکل ، ملکی، اُڈپی، بارکور، کنداپور، بیندور، بھٹکل ، مرڈیشور، ہوناور، کمٹہ ، گوکرن اور انکولہ شامل ہیں۔ ٹرین میں ایل ایچ بی کے 14کوچ ہونگے۔